5 روز بعد بھی گورنر پنجاب کا فیصلہ نہ ہوسکا سعود مجید کی وزیراعظم، ذکیہ شاہنواز کی وزیراعلیٰ سے ملاقات
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے مستعفی ہونے کے 5 روز بعد بھی نئے گورنر پنجاب کیلئے کسی شخصیت کا چنائو نہیں ہوسکا۔ مسلم لیگ (ن) ذرائع کے مطابق قیادت کے سامنے لگ بھگ ایک درجن نام ہیں لیکن ذمہ دار ذرائع کے مطابق ان میں سے سعود مجید، بیگم ذکیہ شاہنواز، سینیٹر رفیق رجوانہ اور جسٹس ریٹائرڈ رمدے میں سے کسی ایک کو گورنر پنجاب بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے لاہور میں قیام کے دوران اس پر مشاورت ہوئی۔ توقع ہے کہ سینٹ الیکشن سے پہلے نئے گورنر کا تقرر کردیا جائیگا۔ گورنر کے ایک مضبوط امیدوار سعود مجید نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی خاتون امیدوار ذکیہ شاہنواز کی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے ملاقات ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعود مجید کی وزیراعظم سے ملاقات کو سیاسی حلقوں میں اہمیت دی جا رہی ہے۔ سعود مجید کو وفاقی کابینہ کے ایک اہم وزیر کی بھی حمایت حاصل ہے۔