• news

2016ء کے اولمپکس تک رسائی ہاکی ٹیم کا ہدف ہے : رانا مجاہد

کراچی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اولمپئن رانا مجاہد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہدف 2016ء میں برازیل کے شہر ریو ڈی جنیریو میں ہونیوالے اولمپکس میں رسائی حاصل کرنا ہے، جس کیلئے ہم جولائی2015ء میں بلجیم میں کوالیفائنگ رائونڈ کھیلیں گے اور اولمپکس میں رسائی بھی حاصل کرینگے ۔ کسٹمز سپورٹس کمپلیکس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ میں ضرور شرکت کریگی، اولمپکس بڑا ایونٹ اور ایف آئی ایچ کے کلینڈر میں اہمیت کا حامل ہے ، جس میں رسائی کیلئے ہم غافل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے ملاقات کیلئے گیارہ فروری کی تاریخ دی ہے اگر ملاقات ہوگئی تو قوی امکان ہے کہ ہاکی فیڈریشن کی مالی معاملات حال ہوجائینگے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فوراً بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ اور دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں منعقد ہوگا تربیتی کیمپ میں صرف33 کھلاڑیوں کو شامل کیا جائیگا، تاہم اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ اور دورہ آسٹریلیا حکومتی گرانٹ سے مشروط ہے اگر چہ حکومت نے فیڈریشن کو فنڈز فراہم کردیئے تو اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ضرور شرکت کرینگے جبکہ دورہ آسٹریلیا بھی فنڈز سے مشروط ہوگا۔ انہوں نے کہا قائد اعظم گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی سلیکشن کیلئے چیئرمین اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی کے ارکان بھی میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کرینگے اور قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کیلئے 33 کھلاڑیوں کا چنائو کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن