دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست، سیریز نیوزی لینڈ نے جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 119 رنز سے شکست دے کر 2 میچز پر مشتمل سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ نیپئیر کے مکلین پارک میں دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 369 رنز بنائے۔ جواب میں قومی ٹیم 43.1 اوورز میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ گرین شرٹس کی جانب سے اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 111 رنز جوڑے اور شہزاد 55 رنز بنانے کے بعد نیتھن میکولم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد یونس خان بھی 11 رنز بنانے کے بعد 130 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں، محمد حفیظ 86 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ کپتان مصباح الحق 45، شاہد آفریدی 11، سرفراز احمد 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور 4 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، گرینٹ ایلیٹ، نیتھن میکولم اور ایڈم ملنے نے 2،2 جب کہ ڈینئل ویٹوری اور ٹرینٹ بولڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سازگار پچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کیویز بلے بازوں نے باؤلروں کی خوب پٹائی کی۔ کیویز کی جانب سے کین ولیمسن اور راس ٹیلر نے بالتریب 112 اور 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ مارٹن گپٹل نے بھی 76 رنز بنا کر رنز کی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2 جبکہ شاہد آفریدی، احسان عادل اور احمد شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ بلاول بھٹی مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے اورانہوں نے 10 اوور میں 93 رنز دیئے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کرسکے۔ کین ولیمسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔