پاکستان سپورٹس بورڈ نے کھیلوں کی متوازی تنظیموں کو غیرقانونی قرار دیدیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر/نمائندہ سپورٹس) ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں پاکستان سپورٹس بورڈ نے ملک میں بننے والی متوازی کھیلوں کی تنظیموں کے فیصلہ کرتے ہوئے میاں محمد اسلم کی پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن، ایم ایس سبطین کی پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن اور کرنل (ر) وسیم احمد کی زیر نگرانی چلنے والی پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کو جائزہ قرار دیتے ہوئے ان کی حریف فیڈریشن کو غیر قانونی قرار دیدیا جبکہ پاکستان والی بال فیڈریشن اور پاکستان جمناسٹک فیڈریشن کی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ رکنیت کو ختم کر دیا گیا۔یہ دنوں فیڈریشن پاکستان سپورٹس بورڈ سے کسی قسم کے فنڈز اور سہولیات حاصل کرنے کی مجاز نہیں ہونگی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے کے مطابق پاکستان والی بال فیڈریشن کی دنوں باڈی پاکستان سپورٹس پالیسی پر پورا نہیں اترتی ہیں۔ ظفر عباس لک اور میجر (ر) محمد افضل کے زیر نگرانی چلنے والی فیڈریشن کی کسی انٹرنیشنل باڈی کے ساتھ کسی قسم کی رکنیت نہیں جبکہ چودھری یعقوب کی زیر نگرانی چلنے والے فیڈریشن سپورٹس پالیسی پر پورا نہیں اترتی۔ اسی طرح پاکستان جمناسٹک فیڈریشن کی دونوں تنظیمیں مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتی ہیں جس کی بنا پر ان کی بھی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ رکنیت کا جواز نہیں رہتا۔ دوسری جانب میاں محمد اسلم کی پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن، ایس ایم سبطین کی پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن اور کرنل (ر) وسیم احمد کی پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کو جائز قرار دیتے ہوئے ان کی متوازی تنظیموں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تینوں فیڈریشن کی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ رکنیت کو بحال کر دیا۔ چودھری یعقوب کی زیر نگرانی کام کرنے والی باڈی کو اصل قرار دیتے ہوئے اسے سپورٹس پالیسی کے تحت نئے انتخابات کرانے کی ہدایت کی۔ چوہدری یعقوب نے کہا کہ انٹرنشنل اور ایشیا کی باڈیز کے ساتھ ہمارا الحاق ہے آئی او سی کے فیصلے میں بھی اس بات کا ذکر ہے جن فیڈریشن کی ایشیا اور ورلڈ کی باڈی کے ساتھ کوئی رکنیت ہے تو وہی اصل باڈی ہیں۔ ہم جلد اپنا جنرل کونسل اجلاس بلا کر آئین کو سپورٹس پالیسی کے تحت کر کے اپنی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ رکنیت بحال کرائیں گے۔