• news

نہروں کی بھل صفائی مہم میں تیزی لائی جائے : میاں یاور زمان

لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی نہروں کی بھل صفائی مہم کے کام میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ بھل نکالنے کا کام جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھل صفائی مہم کے کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھل نکالنے کے کام کے مکمل ہوتے ہی نہروں میں پانی چھوڑ دیا جائے گا ۔ یہ بات انہوں نے اری گیشن سیکرٹریٹ میں بھل صفائی مہم کے کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں محکمہ اری گیشن کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی ۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ اس سال نہروں کی بھل صفائی مہم پر ریکارڈ رقم خرچ کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی پنجاب کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ بھل صفائی مہم کے کام کی کڑی نگرانی کریں تاکہ کام کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے ۔ بھل نکالنے سے نہروں میں پانی کی یکساں فراہمی ممکن ہو گی اور ٹیل پر موجود کاشتکاروں کو بھی اپنی فصلوں کے لئے نہری پانی میسر آ سکے گا ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر کی نہروں کی بھل صفائی مہم کا کام تیزی سے جاری ہے اور سالانہ چلنے والی نہروں سے بھل نکالنے کا کام فروری میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ ششماہی چلنے والی نہروں سے بھل نکالنے کا کام مارچ کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن