• news

لاہور چیمبر کے وفد کی سی سی پی او سے ملاقات، دہشت گردی کیخلاف مل کر لڑنے کا عزم

لاہور(نیوز رپورٹر)محکمہ پولیس اور نجی شعبہ دن بدن بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔ یہ فیصلہ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او ) کیپٹن (ر) محمد امین اور لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز کے درمیان لاہور چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔ سی سی پی او نے کہا کہ جرائم اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔ اس سلسلے میں محکمہ پولیس، عوام اور بالخصوص تاجر برادری کو اپنا بہترین کردار ادا کرنا ہوگا، معاشرے کے ہر فرد کو سماج دشمن عناصر پر گہری نظر رکھ کر محکمہ پولیس کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیںاور تمام تھانوں میں مجموعی طور پر 160ایڈمن آفیسرز کی تقرری کی گئی ہے جو شکایت کنندگان کے معاملات دیکھیں گے۔ قبضہ گروپس اور بھتہ خوروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک آرڈیننس کے مطابق تمام کرایہ داروں کے لئے تین دن کے اندر پولیس اسٹیشن میں رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ کاروباری برادری دہشت گردی کے خاتمے کے لئے محکمہ پولیس کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن