عالمی بنک پاکستان میں توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری پر رضامند1.25 ارب ڈالر ملنے کا امکان
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے، اصلاحات اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے اور دیگر منصوبوں کے لئے عالمی بنک کی جانب سے 1ارب 25کروڑ ڈالر سے زائد امداد ملنے کی توقع ہے۔ عالمی بنک کے کنٹری پارٹنر شپ منصوبے کے تحت سالانہ50کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی بہتر معاشی اصلاحات کی وجہ سے عالمی بنک نے پاکستان میں کئی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے جن میں زیادہ تر توانائی کے منصوبے شامل ہیں۔ عالمی بنک کے ساتھ توانائی کے شعبے میں شراکت داری کے بعد پاکستان میں بجلی کی پیداوار میں 10ہزار میگاواٹ تک اضافہ متوقع ہے۔ پاکستان میں توانائی کے شعبے کے لئے عالمی بنک آئی ڈے اے کنسیشنل پیکیج کے تحت اس سال پاکستان کو 1ارب 25کروڑ ڈالر سے زائد رقم دینے کا خواہاں ہے جس کے تحت نہ صرف توانائی کے نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی بلکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ترسیل کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں عالمی بنک کے نجی سرمایہ کاری کے ادارے آئی ایف سی کے سربراہ جن یانگ سائی نے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے توانائی کے بحران کے حل میں مدد دینے اور بے روزگاری کو ختم کرنے میںمدد دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اس سرمایہ کاری سے پاکستان میں آئندہ 5سے 6 برسوں میں توانائی کا بحران مکمل طور پر ختم ہو جائے گا ۔
عالمی بنک