• news

گاڑیوں کی انسپکشن‘ پنجاب حکومت کا سویڈن سے معاہدہ : عالمی معیار کے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہونگے : شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت اور سویڈن کے مابین گاڑیوں کی انسپکشن اور سرٹیفیکیشن سسٹم کے پراجیکٹ کے معاہدے پر گذشتہ روز دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ ماڈل ٹاﺅن میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ شہباز شریف تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ جبکہ سویڈن کے اوپس گروپ کے صدر کارل میگنس گریگو نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت سویڈش گروپ مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب میں کمرشل گاڑیوں کی چیکنگ کےلئے 39فٹنس سٹیشن قائم کرے گا۔ پہلے مرحلے میں لاہور ڈویژن میں 3 فٹنس سٹیشن قائم کئے جائیں گے جو جون 2015 میں کام شروع کر دیں گے۔ دوسرے مرحلے میں پنجاب کے دیگر شہروں میں فٹنس سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ سویڈش گروپ کے قائم کئے جانے والے فٹنس سیٹشن پر گاڑیوں کے 7مختلف قسم کے ٹیسٹ ہوں گے۔ معاہدے کے تحت سویڈش گروپ ڈرائیورز کی لائسنسنگ اور تربیت کے حوالے سے بھی تعاون کرے گا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سروسز سیکٹر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پاکستان میں ہونے والا ےہ پہلا معاہدہ ہے جس کے تحت کمرشل گاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہوں گے اور بغیر فنٹس کوئی گاڑی سڑک پر نہیں آئے گی۔ فٹنس کے معیار پرپورا نہ اترنے والی گاڑی کو روٹ پرمٹ کا اجراءنہیں ہوگا۔ سویڈش گروپ ڈرائیورز کےلئے لائسنسنگ اور تربیت بھی فراہم کرے گا۔ گاڑیوں کے لئے فٹنس سیٹشن کے قیام کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔گاڑیوں کی انسپکشن کےلئے فٹنس سٹیشن اور ڈرائیوروں کے لئے سرٹیفکیشن سسٹم کا منصوبہ ٹریفک حادثات کی روک تھام اور آلودگی میں کمی لانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ ڈرائیورز کی تربیت کے حوالے سے جدید تقاضوںسے ہم آہنگ نیا ڈرائیونگ سکول قائم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیر صدارت گذشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صاف پانی پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عام آدمی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام پر اربوں روپے صرف کئے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں بہاولپور، اوکاڑہ ، قصور اور لاہور میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں واٹرفلٹریشن پلانٹس کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا اور پنجاب بھر میں مجموعی طورپر 1500 واٹرفلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کو چلانے کےلئے سولر پینلز لگانے کی منصوبہ بندی کی جائے اور واٹرفلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔صاف پانی پراجیکٹ پنجاب حکومت کے سابق منصوبوں کی طرح شفافیت اورمعیار کی اپنی مثال آپ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ صاف پانی پراجیکٹ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کے حوالے سے قابل عمل پروگرام ترتیب دیا جائے۔ منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔مزیدبرآں شہبازشریف نے کہاہے کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے فوائد پہنچانے کےلئے تمام متعلقہ محکمے اورصوبائی و ضلعی انتظامیہ موثر اقداما ت اٹھائے اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کی جانے والی کمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ بس اڈوں اور دیگر اہم مقامات پر نئے کرایوں کے بینرز نمایاں طورپر آویزاں کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ٹرانسپورٹ کے مقرر کئے جانے والے نئے کرایوں کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن کا حکم دےتے ہوئے کہاکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈی سی اوز نئے کرایوں پر عملدرآمد کے حوالے سے ضروری اقدامات اٹھائیں، اوور چارجنگ کسی صورت برداشت نہیں ،میں کسی کو اوور چارجنگ کی آڑ میں عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ویڈیو کانفرنس کے ذرےعے سول سیکرٹریٹ میں صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بس اڈوں پر نئے کرایوں کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے اورٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کی جانے والی کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لئے انتظامیہ اور متعلقہ ادارے متحرک کردار ادا کریں۔ غفلت برتنے پر ایکشن ہوگا جبکہ کارکردگی پر شاباش ملے گی۔ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات پہنچانے کے لئے ہر حد تک جائیں گے اور کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے-وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایت کی کہ آٹے ،پولٹری اور گھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے متعلقہ ایسوسی ایشنز کے ساتھ بات چیت کر کے کمی لائی جائے۔
شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن