• news

مجید نظامی کی لیگی دھڑوں کو اکٹھا دیکھنے کی خواہش پوری کرینگے: غوث علی شاہ

لاہور (فرخ سعید خواجہ) سابق وزیراعلیٰ سندھ اور مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی نائب صدر و سابق صدر سندھ سید غوث علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے وہ مرحوم مجید نظامی کی مسلم لیگی دھڑوں کو اکٹھا دیکھنے کی خواہش کو پورا کریں گے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف مسلم لیگی ذہن کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر متفق ہو چکے ہیں اور جلد یہ لوگ پاکستان کے مختلف حصوں میں موجود مسلم لیگی ذہن رکھنے والے رہنماﺅں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔ نوائے قت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا وہ اگلے دو ایک روز میں جسٹس ’ر‘ نسیم حسن شاہ کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے لاہور آ رہے ہیں اس کے بعد اسلام آباد اور پشاور بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا میرا یقین ہے آج بھی ملک میں مسلم لیگی ذہن تمام سیاسی جماعتوں کے حامیوں سے زیادہ ہے بس انہیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا وہ مسلم لیگ ن میں ہوتے ہوئے بھی سندھ میں پیر صاحب پگاڑا کے ساتھ مل کر سیاست کرتے رہے ہیں اب مسلم لیگ ن کے جو لوگ ان کے ساتھ ہیں وہ مسلم لیگ کو متحد کرنے کے لئے کوشاں ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا میں نے پرویز مشرف اور پیرپگاڑا نے کھانا ایک ساتھ کھایا ہے اور اس پہلی ملاقات میں مسلم لیگی ذہن کو اکٹھا کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔ انہوں نے کہا وہ شجاعت حسین، حامد ناصر چٹھہ، سلیم سیف اللہ، اعجاز الحق، شیخ رشید سمیت تمام لیگیوں سے ملیں گے۔ سردار ذوالفقار کھوسہ کے ساتھ پہلے ہی رابطے میں ہیں۔ ہم مجید نظامی مرحوم کے مسلم لیگ کو مضبوط اور ایک کرنے کی خواہش کو پورا کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
غوث علی شاہ

ای پیپر-دی نیشن