• news

پی اے سی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، نوید قمر کے سینڈوچ میں کاکروچ نکل آیا، سپیکر کا نوٹس

اسلام آباد (آن لائن + این این آئی) پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا نوید قمر کی زیر صدارت اجلاس کے دوران سید نوید قمر کو پیش کئے گئے سینڈوچ سے لال بیگ نکل آیا۔ نوید قمر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پلیٹ واپس کردی اور متعلقہ سٹاف سے شکایت درج کروائی اور تحقیقات کا حکم دیدیا۔ دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا۔ قبل ازیں قومی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی(پی اے سی) کی ذیلی کمیٹی نے ای سی سی کے فیصلہ کے خلاف ادا کئے گئے ایک ارب روپے سے زائد کمپنی سے وصول کرنے کا حکم دیدیا اور پیسکو پشاور کی طرف سے چھ نان کسٹم گاڑیاں 26لاکھ میں خریدنے کے معاملہ کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے جبکہ رکن کمیٹی میاں عبدالمنان نے کہا کہ اگر کسی سیاستدان نے غیر رجسٹرڈ گاڑی خریدی ہوتی تو اب تک پھٹے چل چکے ہوتے اور لائن لگ جاتی، کمیٹی نے وزارت پٹرولیم کے آڈٹ اعتراضات کو محکمانہ کمیٹی میں حل کرنے کی بجائے پی اے سی میں لانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام وزارتیں اپنے معاملات محکمانہ آڈٹ کمیٹی (ڈی اے سی) میں حل کریں۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ نجی پاور کمپنیوں(آئی پی ییز) کو تاخیر سے ادائیگیاں کرنے پر اربوں روپے جرمانے کی مد میں ادا کرنا پڑتے ہیں، یہ رقم بجلی کی خریداری پر استعمال نہیں ہوتی اس لیے وزارت خزانہ ایسے اقدامات کرے کہ آئی پی پیز کو ادائیگیاں بروقت ہوسکیں۔ وزارت پٹرولیم کے بعض آڈٹ اعتراضات پر کمیٹی نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ تحقیقات کیلئے محکمہ کو بھجوانے کا حکم دیا اور 19 فروری کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ یہ رقم متعلقہ کمپنی کی مستقل ادائیگیوں میں سے کاٹی جائے اور مستقبل میں کوئی ایسا فیصلہ کرنا ہو تو اس کی پہلے ای سی سی سے منظوری لی جائے۔ کمیٹی میں انکشاف ہوا کہ پیسکو پشاور نے چھ نان کسٹم گاڑیاں چھبیس لاکھ روپے میں خریدیں جو کہ قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ کمیٹی نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
سپیکر/ نوٹس

ای پیپر-دی نیشن