یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جائیگا : حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے : صدر وزیراعظم
لاہور، اسلام آباد، مظفرآباد ( خصوصی رپورٹر + نیوز رپورٹر +نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں آج جمعرات کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک میں عام تعطیل ہوگی، پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جماعة الدعوة، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کی طرف سے خصوصی تقریبات ہوں گی۔ کشمیری شہدا کی یاد میں صبح نو بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جبکہ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر میں عوام کے حق خود ارادیت کیلئے اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا پیدائشی حق ہے، حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں بڑی بڑی ریلیوں اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنانے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ خواتین اور بچے بھی ان پروگراموں میں شریک ہونگے۔ جماعة الدعوة کے تحت اسلام آباد، لاہور و دیگر شہروں میں اظہار یکجہتی کے کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ آج صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف حریت رہنماو¿ں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب متوقع ہے۔ حسب روایت یوم یکجہتی کشمیر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان فاٹا سمیت ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ جماعة الدعوة کے تحت لاہور میں ناصر باغ سے ہائیکورٹ چوک تک کشمیر کارواں نکالا جائے گا جس میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے کوہالہ کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا وفد اقوام متحدہ کے مبصر مشن میں مسئلہ کشمیر پر قراردادوں کی یاد دہانی کے لئے یادداشت پیش کرے گا۔ پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز کو بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریبات کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان کا سفارتی عملہ پاکستانی کمیونٹی کی معاونت سے خصوصی پروگرامز منعقد کریں گے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے اور یورپی یونین کے مختلف ممالک میں بھی ریلیاں ہوں گی۔ لاہور، اسلام آباد، مظفر آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور و دیگر شہروں میں تقریبات ہونگی۔ دریں اثناءوزیر اعظم نواز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں اپنی حکومت اور عوام کی طرف سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حق خودارادیت کےلئے جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بنیاد پر جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن انداز میں حل کےلئے پرعزم ہے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے وعدوں اور بین الاقوامی برادری کی پیہم کوششوں کے باوجود کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دینے سے انکار کیا جارہا ہے۔ حق خودارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے فوری حل پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ‘ سلامتی کونسل کے ارکان اور بین الاقوامی برادری سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ بے یار و مدد گار کشمیری عوام کے مصائب کے خاتمہ کے لئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے ہی ممکن ہے، بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ صدر نے کہا کہ حق خوداردایت بین الاقوامی قانون کا ایک غیرمتنازع جزو ہے لیکن 67 سال گزرنے کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام اپنے اس بنیادی حق سے محروم ہیں۔ ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام الحمرا ہال سے اسمبلی ہال چوک تک ریلی نکالی جائیگی۔ جس کی قیادت مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک ایم این اے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان، مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید توصیف شاہ کرینگے۔ پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ایڈیشنل جنرل سیکرٹری دیوان غلام محی الدین کی نگرانی میں کشمیریوں سے یکجہتی کےلئے اسمبلی ہال چوک میں کیمپ لگایا جائیگا۔ علاوہ ازیں جماعة الدعوة آج ملک بھر میں ضلعی سطح پر کشمیر کارواں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کرے گی۔ اس سلسلہ میں امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیر امارت مرکز القادسیہ چوبرجی میں مرکزی ذمہ داران کا ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا جماعةالدعوة کی جانب سے لاہور میں ناصر باغ سے ہائیکورٹ چوک تک کشمیر کارواں ہوگا۔ اجلاس کے بعد امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں کراچی سے پشاور تک ملک کے کونے کونے میں ہونے والے جلسوں، کانفرنسوں اور کشمیر کارواں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں۔ علاوہ ازیں سنی تحریک آج ملک بھر میں یکجہتی کشمیر کے طور پر منائے گی۔ اس سلسلہ میں چھوٹے بڑے شہروں سمیت تعلیمی اداروں میں اظہار یکجہتی کیلئے جلسے، جلوس، ریلیاں اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں پریس کلب شملہ پہاڑی تا اسمبلی ہال چوک تک بہت بڑی ریلی نکالی جائے گی۔ مزید براں جماعت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام بھی ملک بھر میں مظاہرے، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔ لاہور میں ریلی کی قیادت حافظ عبدالغفار روپڑی کرینگے۔ مزیدبرآں جمعیت علماءاسلام ضلع لاہور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آج پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرے گی۔ مظاہرے کی قیادت مولانا محب النبی، مولانا محمد امجد خان، حافظ اشرف گجر اور دیگر کریں گے۔ علاوہ ازیں المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کی جانب سے یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے لاہور، قصور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، شیخوپورہ، ملتان، پشاور، کراچی، کوٹلی و دیگر شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے تحت سکولوں کے ننھے طلباءاور کالجز و یونیورسٹیز کے طلباءکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ طلباءنے ہاتھوںمیں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں تحریریں درج تھیں۔ علاوہ ازیں اہل حدیث یوتھ فورس کے زیر اہتمام آج لاہور سمیت کئی شہروں میں ریلیاں منعقد کی جائیں گی اور نماز فجر کے بعد تمام مساجد میں کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق المحمدیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سینکڑوں طلباءنے کشمیر ریلی نکالی جو دامو آنہ روڈ سے شروع ہو کر گھنگ روڈ چوک پہنچ کر احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کرگئی، طلباءنے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کشمیر ڈے کے حوالے سے طلبا نے ریلی نکالتے ہوئے بھارتی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی شیرانوالہ باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔ علاوہ ازیں یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے الگ الگ پیغامات میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، مولانا فضل الرحمن، برجیس طاہر، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی اور دیگر رہنماﺅں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔ علاوہ ازیں یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شرےف نے کہا ہے کہ کشمےری عوام حق خودارادےت کے حصول کے لئے مصائب آلام برداشت کرتے ہوئے لازوال قربانےاں دے رہے ہےں۔ رےاستی جبر وتشدو اورظلم کے ذرےعے زےادہ دےر تک کشمےرےوں کو ان کے بنےادی حق سے محروم نہےں رکھا جاسکتا۔خطے مےں پائےدار امن کےلئے تنازعہ کشمےر کا اقوام متحدہ کی قراردادوںکی روشنی مےں حل ناگزےر ہے عالمی برادری مسئلے کشمےر کا حل اور اس ضمن مےں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کو ےقےنی بنانے مےں اپنا کردارادا کرے۔ وزیر امور کشمیر چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان آج بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات پر آمادہ ہے لیکن بھارت نے مذاکراتی عمل معطل کرکے اٹوٹ انگ کا راگ الاپنا شروع کردیا ہے۔ آج پوری قوم یہ ثابت کرے گی کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قوم آج 5 فروری کو اہل کشمیر کے ساتھ یکجہتی کے طور پر مناکر کشمیری عوام سے اپنی بے پناہ اور بے لوث محبت کا ثبوت دے گی۔ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کا امتیازی رویہ افسوسناک ہے۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے یوم کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنا بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے سیاسی تنازعات نمٹائے جائیں۔ علاوہ ازیں (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہی اور مونس الہی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا بہترین حل یواین او کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، حق خودارادیت کے مسلمہ پیدائشی حق کے حصول کیلئے کشمیریوں نے جو عظیم قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ علاوہ ازیںآل پاکستان مسلم لیگ کے قائد و چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کئی بار کی جانے والی جارحیت اور دو پاکستان بھارت جنگوں کے باوجود خطے کے امن و خوشحالی کی خاطر پاکستان آج بھی بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کیلئے کوشاں ہے مگر بھارتی رویہ ہمیشہ خطے کے امن و مستقبل کیلئے خطرات کا باعث ثابت ہوتا رہا ہے، دنیا کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا فوری حل ناگزیر ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر