انتخابی اصلاحات میں ہر ممکن تعاون کرینگے‘ پارلیمانی کمیٹی کو جلد سفارشات مکمل کرنے کیلئے کہا جائیگا : وزیراعظم کی چیف الیکشن کمشنر کو یقین دہانی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت نیوز) وزیراعظم نوازشریف سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران الیکشن کمشن کی کارکردگی ‘ الیکشن کمشن پر مئی 2013ءکے انتخابات کے نتائج کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے الزامات سمیت دیگر ایشوز پر بات ہوئی۔ وزیراعظم نے سردار رضا خان کو الیکشن کمشن مےں انتخابی اصلاحات کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو الیکشن کمشن کے طریقہ کار پر بریفنگ بھی دی۔ واضح رہے کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی وزیر اعظم سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو کمشن کے چار صوبائی ارکان کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ جسٹس سردار رضا نے وزیراعظم کو آئندہ انتخابات شفاف بنانے کے لئے انتخابی اصلاحات کے بارے میں بریف کیا جس کے لئے وزیراعظم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کو جلد اپنی سفارشات مکمل کرنے کیلئے کہا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں تحریک انصاف کے سربراہ کی طرف سے جوڈیشل کمشن کے قیام کا مطالبہ اور چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں جن تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اس پر بھی بات ہوئی۔ دریں اثنا وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پاک فضائیہ کی قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاک فضائیہ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے فنڈز مہیا کرتی رہے گی تاکہ وہ مستقبل کے چینلجز سے نمٹ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے ملک میں جاری دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے پاک فضائیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایئر فورس نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کر کے نمایاں کردار ادا کیا۔ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر سے ٹربیونلز میں زیر سماعت کیسز کی تفصیلات سے متعلق بھی استفسار کیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو خصوصی بریفنگ دی، الیکشن ٹربیونلز کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور زیر سماعت پٹیشنز جلد نمٹانے کے حوالے سے دی گئی ہدایات کے متعلق آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے سلسلے میں بلوچستان میں کئے گئے اقدامات جبکہ اگلے مرحلے میں دیگر صوبوں میں کئے جانے والے اقدامات سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
نواز شریف/ چیف الیکشن کمشنر