’’رعد‘‘ کے کامیاب تجربے پر مبارکباد، کرپشن، غربت ختم کرنے کیلئے بھی میزائل ہونا چاہئے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ رعد، غزنوی اور ابدالی میزائل کے کامیاب تجربات پر مبارک باد مگر کوئی ایسا میزائل بھی ہونا چاہئے جس سے ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن، غربت، مہنگائی، بے روز گاری، جہالت اور لاقانونیت کو شکست دی جا سکے۔کمپیوٹر دور میں جس ملک کے لاکھوں بچے سکول نہ جاتے ہوں وہاں کے حکمرانوں کو ترقی و خوشحالی کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ وفاق المدارس کے پانچوں بورڈز کے مطالبے کے باوجود حکومت دینی مدارس کیلئے ایک نصاب اور ایک بورڈ قائم نہیں کر رہی، ملک میں یکساں نصاب تعلیم سے ہی طبقاتی تقسیم کو ختم کیا جا سکتاہے، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرے گی اور سی ایس ایس کا امتحان اردو زبان میں لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں آل پاکستان سیرت النبیؐ پر تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیر مملکت برائے تعلیم و دفاع انجینئر بلیغ الرحمن، ڈاکٹر سید وسیم اختر، امجد اسلام امجد، نوشین حامد، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی تاریخ سے سبق سیکھیں اور کشمیری مسلمانوں کو آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے دبا کر رکھنے اور اسلحہ کے زور پر کشمیر کی آزادی کی تحریک کو کچلنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔کشمیر ی عوام نے لاکھوں نوجوانوں کی شہادتیں دیکر تاریخ کے ماتھے پر لکھ دیا ہے کہ ان کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران بھی آلو، پیاز اور ٹماٹر کی تجارت اور طائفوں کے تبادلوں سے مکار ہندو کو سر پر بٹھانے کی پالیسی چھوڑ دیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو لاکھوں کشمیریوں کے قاتل ہندوستان سے دوستی کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ انہوں نے مودی کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے امریکی ایماء پرکسی مہم جوئی کی کوشش کی تو انہیں خطرناک نتائج بھگنا پڑیں گے اور پاکستان کے کروڑوں نوجوان محمود غزنوی کی تاریخ کو دہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ یوم یکجہتی مناتے ہوئے پوری قوم اس بات کا اظہار کرے گی کہ وہ کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی محبوب ترین ہستیؐ کی توہین کا ارتکاب کرنے والے خدا کے عذاب سے نہیں بچ سکیں گے۔ سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں اپنی دوٹوک پالیسی واضح کرے اور قوم کو اعتماد میں لے۔