• news

اوباما کا قومی دعائیہ ناشتہ آج ہو گا، آزاد کشمیر کے دو وزراء بھی شرکت کرینگے

واشنگٹن(اے این این)امریکہ کا روایتی سالانہ قومی دعائیہ ناشتہ آج  وشنگٹن کے ہوٹل میں ہوگا، اوباما اور دنیا بھر سے 3500مندوبین شرکت کرینگے۔اِسے صدراتی دعائیہ ناشتہ بھی کہا جاتا ہے جس میں صدر بارک  اوباما شریک ہوں گے اور اس کی میزبانی کانگریس کے ارکان کرتے ہیں۔تاہم قانون سازوں کی ایماپر اس تقریب کا اہتمام دی فیلوشپ فاونڈیشن کر رہی ہے۔تقریب دراصل سیاسی، سماجی اور معاشی تبادلہ خیال کے لئے اشرافیہ کا ایک فورم ہے، جس میں امریکہ بھر سے نامور لوگ اور 100 سے زائد ممالک کے مندوبین شرکت کرتے ہیں،اور اجلاس منعقد کرکے باہمی روابط استوار کرتے ہیں۔پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو اِس دعائیہ ناشتے میں تواتر سے شریک ہوا کرتی تھیں، جبکہ اِس برس پاکستان سے آزاد کشمیر کی حکومت کے دو وزرا، فیصل راٹھور اور مرتضی درانی بھی اِس تقریب میں شریک ہو رہے ہیں۔ اِس موقع پر صدر اوباما شرکاسے خطاب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن