بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار متاثر‘ گیس بندش پر احتجاج جاری‘ گوجرانوالہ میں جلوس
لاہور (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا اور کاروبار شدید متاثر رہے جبکہ کئی شہروں میں گیس کی بندش بھی جاری رہی جس کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ گھروں میں خواتین کو کھانا تیار کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور لوگ بازار سے کھانا خریدنے پر مجبور ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں گیس کی بندش کیخلاف 2 مقامات پر مظاہرے کئے گئے اور جلوس نکالے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھی شہروں اور دیہات میں بجلی کی طویل بندش جاری رہی۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں گیس کی بندش رہی جس پر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور وہ سراپا احتجاج بن گئے۔ بعض علاقوں میں صرف صبح کے اوقات اور رات گئے گیس فراہم کی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جبکہ لاہور کے کئی علاقوں میں گزشتہ روز بھی گیس بدستور غائب رہی اور لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ‘ گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ بندش کادورانیہ 15 گھنٹوں سے بھی تجاوز کر گیا۔ گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف سوئی گیس دفتر سمیت وحدت کالونی‘ ریس کورس روڈ کے مکینوں نے احتجاجی جلوس بھی نکالے اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس حکام بھی عوام کو لوٹنے میں کسی طرح واپڈا سے کم نہیں، واپڈا اووربلنگ کے ذریعے شہریوں کو لوٹ رہا ہے۔