• news

انڈس ہسپتال کو 50 لاکھ کا عطیہ‘ توسیع سے علاج کی بہتر سہولتیں میسر آئینگی: صدر

کراچی (این این آئی) صدر ممنون حسین نے انڈس ہسپتال کو 50 لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین سے بدھ کو انڈس ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان نے پچاس لاکھ روپے کا عطیہ سٹیٹ گیسٹ ہاوس کراچی میں ملاقات کے دوران وصول کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے انڈس ہسپتال میں امراضِ قلب کے مکمل علاج کے سلسلے میں سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے انڈس ہسپتال کی خدمات کے اس پہلو پر بھی مسرت کا اظہار کیا کہ اس میں معاشرے کے تمام طبقات کو بغیر کسی سفارش اور ترجیح کے علاج کی جدید ترین سہولیات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ صدر مملکت نے اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ انڈس ہسپتال میں توسیع کا عمل جاری ہے جس سے مزید افراد کو بہتر علاج کی سہولیات میسر آئیں گی۔ صدر نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔ مزید برآں صدر ممنون حسین سے گذشتہ روز سابق سپیکر الٰہی بخش سومرو اور سینیٹر ظفر علی شاہ نے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن