افغانستان : فورسز کی کارروائی، حملے، 9 غیرملکیوں سمیت 43 طالبان، 3 سکیورٹی اہلکار ہلاک
کابل (آئی این پی) افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 9غیر ملکیوں سمیت 43 طالبان جنگجو ہلاک اور 69زخمی ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے 13دیسی ساختہ بم ڈیوائسز بھی قبضے میں لے کر ناکارہ بنادیں،ادھر مسلح افراد اور طالبان کے حملوں میں 3اہلکاراور سابق جہادی کمانڈر ہلاک ہوگیا۔ننگرہار صوبہ میں 15 جنگجوئوں کا گروپ ہتھیار ڈال کر امن عمل میں شامل ہوگیا۔ آپریشن صوبہ کابل، پکتیا، قندھار،فریاب اور ہلمند میں کیا گیا جہاں سیکورٹی فورسز نے 13دیسی ساختہ بم ڈیوائسز بھی قبضے میں لے کر ناکارہ بنادیں۔دیسی دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں ایک افغان فوجی بھی ہلاک ہوگیا۔ ہرات میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ادھر ہرات میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سابق جہادی کمانڈر غلام سید جو سیاہ خان چونگر کے نام سے مشہور تھا بیوی سمیت مارا گیا،اسکی بیٹی زخمی ہوگئی۔دوسری جانب مشرقی صوبہ ننگرہار میں مسلح جنگجوئوں کے پندرہ رکنی گروپ نے ہتھیار ڈال کر امن عمل میں شمولیت اختیار کرلی۔ننگرہار کی اعلی امن کونسل کے سربراہ حاجی ملک نذیر کا کہنا ہے کہ 15 جنگجوئوں کا گروپ ہتھیار ڈال کر امن عمل کونسل میں شامل ہوگیا۔ادھر افغان انٹیلی جنس نے کابل میں کارروائی کے دوران 2 خودکش جیکٹس ،بم اور دیگر اسلحہ قبضے میں لے لیا۔این ڈی ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ خودکش جیکٹس اوردھماکہ خیز مواد استعمال شدہ کپڑوںمیں رکھ کر لوگر سے کابل منتقل کیا گیا۔