صوبے میں گیس کی لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کی جائیگی: پرویز خٹک
پشاور (آن لائن) خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس ہمارے صوبے کی پیداوار ہیں اسلئے انکی لوڈ شیڈنگ سے متعلق عوامی شکایات کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے سوئی گیس حکام پر واضح کیا صوبے کے کسی بھی حصے میں گیس کی کمی یا لوڈ شیڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے غیرقانونی کنکشن کی روک تھام اور بقایاجات کی وصولی میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ وہ گیس کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ دریں اثناء پی ٹی آئی چارسدہ کے پچاس رکنی وفد نے ضلعی صدر فضل خان کی زیر قیادت وزیراعلیٰ سے سی ایم ہائوس پشاور میں ملاقات کی اور انہیں علاقے کے لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے چارسدہ کیلئے ڈگری کالج کے قیام کا اعلان کیا۔