ججز نظربندی کیس: مشرف کا حاضری سے ایک روز کا استثنیٰ منظور
اسلام آباد(آن لائن)انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج سہیل اکرام نے جمعہ کے روز سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کیخلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی ۔ عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو ایک روز کا حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے کیس کی سماعت بیس فروری تک ملتوی کردی ۔ عدالت میں گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر کی جانب سے الیاس صدیقی ایڈووکیٹ اور حکومت کی جانب سے پراسکیوٹر ندیم احمد تابش پیش ہوئے ۔ ابتدائی سماعت کے دوران معزز جج نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نمبر ون سے ابھی کیس دوسری عدالت میں ٹرانسفر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ججز نظر بندی کیس کا معائنہ ابھی تک مکمل نہیں کیا جاسکا فائل پڑھنے کے بعد سابق صدر کیخلاف ججز نظر بندی کیس میں سماعت ہوسکے گی ۔ واضح رہے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے حاضری سے مکمل استثنیٰ حاصل کرنے کیلئے عدالت سے رجوع کیا گیا جبکہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت بیس فروری تک ملتوی کردی۔