کیمرون: بوکو حرام کے حملے میں مزید90 شہری جاں بحق، فوج نے109 دہشت گرد مار دئیے
ابوجا (این این آئی) نائیجیریا کی شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے جنگجوؤں نے نائیجیریا اور کیمرون کی سرحد سے ملحقہ علاقے میں دھاوا بول کر مزید 90 سے زائد شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔فوج نے کارروائی کرکے109دہشت گردوں کوہلاک کردیا۔ گزشتہ روز افریقی ممالک کی مشترکہ فورسز نے بوکوحرام کے200 سے زائد جنگجو مار دیئے تھے بین االاقوامی میڈیا کے مطابق بوکوحرام کے عسکریت پسندوں نے کیمرون کے گاؤں پر دھاوا بول کر نہتے و معصوم لوگوں پر اندھا دھند گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں 90 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ متعدد گھروں کو بھی آگ لگادی۔گزشتہ روز افریقی ممالک کی مشترکہ فورس نے بوکوحرام کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو سو سے زائد جنگجو ہلاک کردیئے تھے جس کے ردعمل میں بوکوحرام کے آٹھ سو جنگجوؤں نے فوٹوکول کے گاؤں پر حملہ کرکے مساجد اورگرجا گھروں کو آگ لگادی تھی متعدد شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔ دہشتگردوں سے جھڑپوں میں چاڈ فوج کے تیرہ ٗ کیمرون فوج کے چھ اہلکار بھی مارے گئے تھے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق جھڑپوں میں چار فوجی ہلاک اور 17 زخمی ہوئے۔ ایک شہری بھی جاں بحق ہوا۔