نیکٹا کو چاروں صوبوں‘ آزاد کشمیر گلگت بلتستان تک وسعت دینے کا فیصلہ وزرائے اعلیٰ سربراہ ہونگے
اسلام آباد (آن لائن) دہشت گردی کے روک تھام کے سلسلے میں قائم کئے جانے والے ادارے نیشنل کائونٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) کو چاروں صوبوں او رآزاد کشمیر و گلگت بلتستان تک و سعت دینے کے لئے وزارت داخلہ اور نیکٹا حکام کے مابین مشاور ت کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔ ،چاروں صوبو ں بشمول گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے وزیر اعظم نیکٹا کے سربراہ ہونگے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نیکٹا کو چاروں صوبوں گلگت بلتستا ن اور آزاد کشمیر تک توسیع دینے کا مقصد دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو مزید تیز کرنا اور چاروں صوبوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عملی اقدامات اٹھاناہے اور اس سلسلے میں نیکٹا اور وزارت داخلہ کے مابین معاملات تقریباً طے پا چکے ہیں اور اس کی منظوری وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف سے لی جائے گی۔ چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نیکٹا کے صوبائی ادارے قائم ہونگے جن کے سربراہ صوبے کے وزرائے اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے وزیر اعظم ہونگے۔