• news

سانحہ پشاور کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے نہ لانے پر شہید بچوں کے والدین کا مظاہرہ

پشاور(آن لائن+نوائے وقت نیوز) پشاور کے آرمی پبلک سکول میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین اور بہن بھائیوں نے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر نہ آنے کیخلاف مظاہرہ کیا ریلی نکالی۔ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ بعض بچوں کے والدین نے کہا کہ انہیں اب بھی دھمکیاں مل رہی ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ملالہ کو امریکہ اور مغربی ممالک پناہ دے سکتے ہیں تو سعودی عرب اور ترکی جیسے برادر اسلامی ممالک ہمیں پناہ کیوں نہیں دے سکتے۔ اس موقع پر بچوں کے والدین اور بہن بھائی روتے رہے جس سے رقت آمےز ماحول پیدا ہوگیا۔ ان والدین اور چھوٹے چھوٹے بچوں کا کہنا تھا کہ ہم کسی طور پر بھی اپنے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہیدوں کو یاد رکھنے کیلئے مختلف شاہراہوں کو ان سے منسوب کرنے اور اس واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ فوری طور پر منظر عام پر لانے کا بھی مطالبہ کیا۔ ایک شہید بچے کی والدہ نے میڈیا کے سامنے روتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں کو رفتہ رفتہ فراموش کیا جارہا ہے اور ان کی یاد میں کچھ نہیںکیاجارہا لیکن ہم کسی کو یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ ہمارے شہید بچوں کو بھول جائے ۔ایک معصوم بچی نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ میرے بھائی کا قاتل کون ہے ہم خود اس سے بدلہ لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن