50 سال پہلے عمران نیازی کو غلطی سے گال پر ہاکی مار دی تھی ‘ لگتا ہے وہ ابھی تک غصے میں ہیں: ایاز صادق
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپنے ساتھ مخاصمت کو 1964ءمیں دونوں کے بچپن میں کھیلتے ہوئے اپنے ہاتھوں عمران خان کو ہاکی لگنے سے زخمی ہونے کو قرار دیدیا۔ ایاز صادق نے میڈیا سے بات چیت میں اپنے دوست اور سیاسی حریف عمران نیازی کے حوالے سے واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ دونوں جب تیسری جماعت میں تھے تو زمان پارک میں ہاکی کھیلتے ہوئے مجھ سے غلطی سے عمران خان کے گال پر ہاکی لگ گئی جس سے وہ زخمی ہوئے، ان کا خون نکلا، انہیں ہسپتال لے جایا گیا کچھ عرصہ ہماری ناراضگی رہی پھر صلح ہو گئی تاہم لگتا ہے کہ 50 سال گزرنے کے باوجود عمران خان نے یہ بات اپنے دل میں رکھی ہوئی تھی۔ سپیکر کی طرف سے یہ واقعہ سنانے اور اپنے ساتھ عمران خان کی مخالفت کی وجہ اسے قرار دینے پر وہاں موجود میڈیا اور دوسرے لوگوں نے زوردار قہقہہ لگایا۔