شیخوپورہ: ڈور سے زخمی بچی کی حالت تشویشناک، پولیس نے 7 بیگناہ بچے پکڑ لئے
شیخوپورہ (نامہ نگارخصوصی) تھانہ بھکھی کے علاقہ میں گذشتہ روز منی بسنت کے دوران گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والی 5 سالہ بچی مستغیرہ کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ دھاتی ڈور اس کے گلے پر پھر گئی تھی جس پر اس کے گلے پر 6 ٹانکے بھی لگائے گئے۔ تھانہ بھکھی پولیس نے نامعلوم ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ واضح رہے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ڈور پھرنے کے واقعہ کا نوٹس لیا تھا اور ڈی پی او شیخوپورہ افضال کوثر سے رپورٹ بھی طلب کی تھی مگر پولیس کے اعلیٰ حکام نے اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کی خاطر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ڈی سی او شیخوپورہ راشد کمال الرحمن ، ڈی پی او افضال کوثر، ڈی او سی منور بخاری نے متاثرہ لڑکی کے گھر جا کر واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیراعلیٰ نے فوری ایکشن لے کر آئی جی پنجاب کو کارروائی کا حکم دیا جس پر انہوں نے ڈی ایس پی تھانہ صدر سرکل اور ایس ایچ او تھانہ بھکھی کو معطل کر دیا۔ افسروں کی معطلی پر انتقامی معطلی پر انتقامی کارروائی کرتے بھکھی پولیس نے 7 بے گناہ بچوں کو پکڑ کر حوالات میں بند کر دیا۔ وزیراعلیٰ کے حکم پر انتقامی کارروائی کرتے ایک فیکٹری میں کام کرنے والے 7 کو پکڑ کر حوالات میں بند کردیا۔ پولیس کی انتقامی کارروائی کا نشانہ بننے والے 11 سالہ سفیان ،13 سالہ انجم ،15 سالہ زبیر،13 سالہ شاہ رخ ،12 سالہ فیصل مسیح ، 10 سالہ سرفراز،13 سالہ وقار شامل ہیں جو گھر سے روز ی کمانے کیلئے مقامی فیکٹری میں کام کرنے آئے تھے چھاپہ مار کر انہیں پکڑ لیا اور برآمدگی ڈالنے کیلئے تھانہ میں موجود پتنگ اور ڈوریں ان پر ڈال دیں۔