• news

مری، بلوچستان میں پھر برفباری، سیاحوں کا رش، لاہور:بونداباندی ‘کئی شہروں میں بارش

سرگودھا، مری، کوئٹہ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملکہ کوہسار مری میں چند دنوں کے وقفے کے بعد طوفانی برف باری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا۔ برف باری دیکھنے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور خوب انجوائے کیا۔ مری جانے والی سڑک پر بھی گاڑیوں کا رش ہو گیا۔ بلوچستان میں کوژک ٹاپ پر بھی برف باری ہوئی جس سے کوئٹہ، چمن، شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوئی۔ برف باری والے علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ مزید برآں نامہ نگاروں کے مطابق سرگودھا، بھکر سمیت کئی شہروں میں گذشتہ روز بارش سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ سرگودھا شہر اور گردو نواح میں بارش ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے۔ بھکر اور گردو نواح میں بھی بارش ہوئی۔ کئی گھنٹے ہونے والی مسلسل بارش کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ہزارہ ڈویژن مانسہرہ، تورغر میں دوسرے روز سے مسلسل بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی وجہ سے علاقے میں سردی کی شدید لہر پھیل گئی۔

ای پیپر-دی نیشن