مفتی نعیم نے فیکٹری مالکان سے متحدہ کی بھتہ ڈیل کرائی، انہیں رﺅف صدیقی ‘عشرت العباد اور حیدر عباس کے ساتھ شامل تفتیش کیا جائے:آفاق
کراچی(این این آئی) مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیوایم ) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ گورنر سندھ عشرت العباد خان ، رﺅف صدیقی اور حیدر رضوی کے ساتھ ساتھ مفتی نعیم کو بھی سانحہ بلدیہ ٹاﺅن میںبطور ملزمان شامل کرکے تفتیش کی جانی چاہیے۔ مفتی نعیم نے مہاجر قومی موومنٹ کے ذمہ داران کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ اور فیکٹری مالکان کی10کروڑ میں ڈیل کرائی تھی۔ فیکٹری آتشزدگی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد حکومت کو چاہیے کو وہ متحدہ قومی موومنٹ کو عدالت کے ذریعے دہشت گرد تنظیم قرار دیکر پابندی لگائے ۔ ہفتہ کو اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کے حوالے سے ہم نے نشاندہی بہت پہلے کر دی تھی۔ فیکٹری مالکان سے 50فیصد کا شیئر مانگا گیا تھا جو دینے سے انکار پر اسوقت کے صنعت وتجارت کے صوبائی وزیر رﺅف صدیقی نے فیکٹری مالکان کو دھمکی دی تھی کہ وہ سڑک پر آجائیں گے اور آتشزدگی کے واقعہ کے بعد رﺅف صدیقی نے پریس کانفرنس کی تھی کہ فیکٹری کوفروخت کر کے جاں بحق افراد کے لواحقین میں رقم تقسیم کی جائیگی ۔