حافظ آباد ڈسٹرکٹ بار کے احتجاج پر اے ڈی سی اور انکے ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج، وکلا کا گرفتاری کا مطالبہ
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے شدید احتجاج کے بعد جاوید احمد تارڑ ایڈووکیٹ کی مدعیت میں اے ڈی سی نعمان حفیظ اور انکے ساتھیوں کیخلاف تھانہ صدر میں زیر دفعہ 506,148/149 ت پ مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ بار کے صدر ناصر شیرازی، سیکرٹری امان اللہ سندھو اور دیگر وکلاءنے کہا ہے مقدمہ کے اندراج کے بعد اے ڈی سی نعمان حفیظ کو فوری معطل کرکے تمام ملزموں کو گرفتار کیا جائے بصورت دیگر9 فروری سوموار کو ڈسٹرکٹ بار عدالتی بائیکاٹ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ اور ڈی سی او آفس کا گھیراﺅ کرے گی اور احتجاج کا دائرہ کار پنجاب اور پاکستان بارز کی سطح پر بڑھایا جائیگا۔