پی پی پی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس، سینٹ کیلئے پارٹی ٹکٹوں کا جائزہ، امین فہیم پھر نہیں آئے
کراچی (این این آئی) سینیٹ کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس دوسرے روز بھی بلاول ہاو¿س میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں راجہ پرویز اشرف، رضا ربانی، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، فریال تالپور اور شیری رحمن نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ میں سینٹ کی 11 نشستوں پر 55 امیدوارں کی درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور انٹرویوز کئے گئے۔ ان امیدواروں میں اسلام الدین شیخ، فاروق ایچ نائیک، سلیم مانڈوی والا، قادر پٹیل، اختر جدون، ارشد نقوی، اصغر بہاری، پیر مظہر الحق، رخسانہ زبیری، جام سیف اللہ دھاریجو، ملک مشتاق، حاجی مظفر شجرہ، ڈاکٹر موہن لال کوہستانی، انجینئر گیان چند الیسرانی، نجیب ڈھوکی، نثار بلوچ، انیلا انصاری، ناہید طاہر، بیگم نرگس این ڈی خان، حبیب الدین جنیدی اور دیگر شامل ہیں۔ فاروق ایچ نائیک، رحمان ملک، سلیم مانڈوی والا، اسلام الدین شیخ، قادر پٹیل، پیر مظہر الحق، رخسانہ زبیری، جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ، بیگم نرگس این ڈی خان مضبوط امید وار تصور کئے جا رہے ہیں۔ بلوچستان، خیبر پی کے اور پنجاب کے امیدواروں کے انٹرویوز آج ہونگے۔ پارلیمانی بورڈ کے سربراہ امین فہیم اس اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے۔