• news

پاکستان صورتحال میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کرے:بھارتی وزیر دفاع

نئی دہلی(آن لائن)بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ پاکستان کو ماحول بہتر بنانے کیلئے کام کرنا ہو گا‘ کشمیر میں فوج کٹھن حالات میں کام کر رہی ہے تاہم فوج کو اس بات کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ ہلاکتیں ناقابل قبول ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جس طرح سے ملک کے دیگر حصوں میں جنگجوﺅں کے خلاف کاررو ائی جاری رہے گی بالکل اسی طرح کشمیر میں بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور یہاں بھی عسکریت پسندی کیخلاف آپریشن کے دوران عام لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو برسوں سے کشمیر میں تشدد کا گراف کم ہو گیا ہے اور عسکریت پسندی کے واقعات میں بھی ضرور کمی آئی ہے تاہم عسکریت پسندی ختم نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کی ہلاکتوں کو کم کرنے کیلئے فوج کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں فوج کیلئے ایک ضابطہ اخلاق واضح کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ جنگجوﺅں کو کشمیر میں دھکیلنے کی خواہش کے تحت پاکستان لائن آف کنٹرول پر تشدد کو ہوا دینے کی کوششوں میںجڑ چکا ہے جس کو دیکھتے ہوئے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات کو بہتر بنانے کیلئے بھارت پاکستان کے ساتھ بہتر ماحول میں کام کرنے کیلئے بھی تیار ہے لیکن اس کے باوجود بھی پاکستان کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن