• news

تعلیمی ادارے ریسرچ کو فروغ دیں، طلبہ نئے علم کی تخلیق میں کردار ادا کریں: ڈاکٹر قدیر

لاہور (اے پی پی) ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کا کام ڈگریاں بانٹنا نہیں بلکہ ریسرچ اور نئے علم کی تلاش ہے۔ ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کیا جائے نیز حکومت تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرے، تعلیم کے شعبے میں بہتری لائے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ وہ گزشتہ روز ایکسپو سنٹر لاہور میں منعقدہ کتاب میلے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ طلباء اپنی صلاحیتیں تعلیم حاصل کرنے کیلئے وقف کردیں۔ جو قومیں تعلیم حاصل کرتی ہیں وہی دنیا میں سرخرو ہوتی ہیں۔ موجودہ دور کمپیوٹر، سائنس و ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ طلباء نئے علم کی تخلیق میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ طلبا نصابی کتب کے ساتھ ساتھ اسلامی تاریخ کا بھی مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کتابوں کی دوستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ ایکسپو سنٹر میں جاری 29 ویں پانچ روزہ کتاب میلے کے افتتاح کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا جبکہ نمائش کے منتظمین نے انہیں وہاں لگائے گئے مختلف سٹالز کے بارے میں بریفنگ دی۔ کتاب میلے میں پاکستان سمیت ترکی، یوکے، جرمنی، امریکہ، انڈیاکے نامور پبلیشرز و بک سیلرز نے کل 150 سے زائد سٹالز لگائے جبکہ بک سیلرز نے مختلف مضامین کی کتابوں پر 50 فیصد تک رعایت کا اعلان بھی کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن