ہائیکورٹ بار الیکشن‘ کاغذات نامزدگی جمع، صدارت 2‘ جنرل سیکرٹری کیلئے 4 امیدوار مدمقابل
ملتان (سپیشل رپورٹر) ہائیکورٹ بار کے سالانہ الیکشن برائے سال 2015-16ء کیلئے وکلاء کی الیکشن مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ صدارت کیلئے دو جبکہ جنرل سیکرٹری کے عہدہ کیلئے چار امیدوار میدان میں آ گئے ہیں۔ وکلاکی گروپ بندی اور مہم اس وقت عروج پر ہے۔ گزشتہ روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا دن تھا۔ اس دوران صدارت کے عہدہ کیلئے شیخ جمشید حیات اور سینئر قانون دان سید محمد علی گیلانی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔ اسی طرح جنرل سیکرٹری کے عہدہ پر ملک سجاد احمد وینس‘ محمد مالک خان لنگاہ‘ محمد اشرف سندھو اور عبدالرحمن طارق مدمقابل ہیں۔ نائب صدارت کے عہدہ پر رانا مقصود افضل‘ محمد اکرم راؤ‘ مقبول حسین بھٹی اور اصغر علی لودھی جبکہ لائبریری سیکرٹری کے عہدہ پر مہر فخر رضا ملانہ‘ مس روبینہ‘ یعقوب خان آفریدی‘ عمران حیدر نیئر اور رمضان بھٹی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔ کل کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔ فنانس سیکرٹری کے عہدہ پر خاتون امیدوار مس شاہدہ وزیر بلامقابلہ کامیاب قرار پائیں۔ کامیاب ہونے والے 7 ممبران ایگزیکٹو میں خاتون مس شمع نورین‘ شہزاد حیدر میتلا‘ ملک مرید حسین‘ ملک شمس الحق ڈوگر‘ ساجد اقبال چودھری‘ سردار ارشاد احمد ڈوگر اور میاں محمود احمد انصاری شامل ہیں۔ بلامقابلہ کامیاب ہونے پر ہائیکورٹ بار میں وکلاء نے مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ کامیاب امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔