• news

وادی تیراہ : بم دھماکہ‘ تین رضاکار شہید : نوشہرہ میں فائرنگ‘ تحریک انصاف کا رہنما جاں بحق‘ پاکستانی سرحد سے متصل افغان علاقے میں کارروائی‘ عمر خراسانی کے زخمی ہونے کی اطلاع

خیبر ایجنسی + نوشہرہ + پشاور + لاہور (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں + نامہ نگار) وادی تیراہ میں امن لشکر کی چوکی کے قریب بم دھماکہ میں 3 رضاکار شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ نوشہرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تحریک انصاف کا صوبائی رہنما علی گوہر جاں بحق ہوگیا جبکہ پاکستانی سرحد سے متصل افغان علاقے میں اتحادی فوج اور افغان نیشنل آرمی کی کارروائی میں کالعدم جماعت الاحرار کے کمانڈر عمر خالد خراسانی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے نری بابا میں امن لشکر کی چوکی کے قریب دھماکے سے 3 رضاکار موقع پر ہی جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ نعشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری سے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ ادھر پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران 19 مشتبہ افراد سمیت 38 کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اکوڑہ خٹک اور دیگر علاقوں سے بھی 32 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔لاہور میں واہگہ بارڈر کے گردونواح میں سرچ آپریشن کے دوران 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ نوشہرہ کے علاقے شیدو میں مسلح افراد نے تحریک انصاف کے مقامی رہنما کے گھر پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما گوہر علی خان جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں کالعدم تحریک طالبان کا کمانڈر اور ایک ازبک کمانڈر بھی شامل ہیں۔ادھر پشاور کے نواحی غازی آباد کے علاقہ میں کھیتوں سے 6دستی بم برآمد ہوئے۔ اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیم علاقہ پہنچی اور دستی بم ناکارہ بنا دیئے۔


3 رضاکار شہید


ای پیپر-دی نیشن