امن دشمنوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہے ہیں‘ جیت پاکستان کی ہو گی : شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت ملک وقوم کی ترقی، معاشی وتجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بڑی رکاوٹ ہے، ملک کے استحکام، سلامتی، بقائ اورآئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی گھڑی آپہنچی ہے، سیاسی وعسکری قیادت اور پوری قوم پاکستان کی دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کا پختہ عزم کرچکی ہے، انسانیت اور امن کے دشمنوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے، معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے والے وحشی درندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے، مساجد، عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں، بازاروں اور اداروں کو خون آلود کرنے والے وطن دشمنوں کو انسانیت کے خلاف کئے گئے گھناؤنے جرائم کا حساب دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو تاریخ کے مشکل ترین حالات کا سامنا ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، پاک افواج پاکستان کے استحکام اور بقائ کی جنگ میں بہادری اور دلیری کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں جس پر قوم کو فخرہے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میںپاک افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے اور اس جنگ میں پاکستان کے عوام سرخرو ہونگے اور اتحاد و اتفاق کی قوت سے وطن عزیز کے دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے اور انہیں کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی قیادت کے طے کردہ متفقہ لائحہ عمل کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا ذریعہ بنے گا، دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک سکول میں معصوم بچوں کا خون بہا کر قوم کوگہرے زخم دیئے ہیں، قوم اس غم کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی تاہم اس واقعہ کے نتیجے میں پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یک جان ہوچکی ہے۔ انشائ اللہ اتحاد کی قوت سے دہشت گردوں کوعبرتناک شکست دیں گے اور ان کے ناپاک وجود کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے پاک دھرتی سے مٹا دیںگے۔ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عملد آمد کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں جدید تربیت یافتہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی گئی ہے جس کا پہلا دستہ پاس آؤٹ ہو چکا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد اوراس کے تحت اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں اور انشائ اللہ ملک کو دہشت گردی، انتہا پسندی اورفرقہ واریت کے عفریت سے نجات ملے گی اورملک ایک بار پھر امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا۔ علاوہ ازیںشہبازشریف نے پنجاب بھر میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالے سے صوبائی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف وزری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور انتظامیہ کو پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف وزری پر قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے واقعات پہلے برداشت کئے اور نہ آئندہ کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پتنگیں اور ڈور کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مزید برآں شہبازشریف نے شاعر و ادیب اشرف قدسی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن، سینئر صحافی شہزادہ عرفان کے والد اور قومی ہاکی ٹمی کے منیجر شہناز شیخ کی اہلیہ کے انتقال پر رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کرنے کی منظوری دیدی۔ سپیشل یونٹ صوبے میں غیرملکیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گا۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے جوانوں کا چنا? پولیس سے کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں 2500جوانوں کو دو ماہ کی ٹریننگ دی جائے گی۔ یونٹ 5ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہو گا۔