• news

اسلام آباد، مسلح افواج کیلئے مستقل پریڈ گراﺅنڈ کی تعمیر تیزی سے جاری

اسلام آباد(سہیل عبدالناصر/وقار عباسی)وفاقی دارلحکومت میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کیلئے مستقل پریڈ گراﺅنڈ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ 7 برس کے تعطل کے بعد یہ پریڈ 23 مارچ کوہوگی۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ماضی کی طرح اب ہر سال اس پریڈ کا انعقاد کیا جائیگا۔ اسلام آباد میںفیض آباد کے فلائی اوور سے لیکر آئی ایٹ کے سگنل تک فیصل ایونیو کے متوازی پریڈ گراﺅنڈ کی تعمیر کی ذمہ داری فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کو سونپی گئی ہے جس نے زمین ہموار کرنے کے بعد فوجی پریڈ کیلئے درکار مخصوص میٹریل سے پختہ روشوں کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ پریڈ گراﺅنڈ کیلئے سٹیج کا ڈیزائن بھی تیار کر لیا گیا ہے، جلد ہی سٹیج کی تعمیر شروع کر دی جائیگی۔ باور کیا جاتا ہے کہ وقت کی کمی کے باعث اس سال پریڈ کے موقع پر شرکاءکیلئے عارضی نشستوں کا بندوبست کیا جائیگا جس کے بعد پریڈ گراﺅنڈ کے اطراف مستقل اور پختہ نشستیں تعمیر کی جائیں گی۔ واضح رہے یہ فوجی پریڈ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر شاہراہ دستور پر منعقد کرنے کی تجویز بھی ہے کیونکہ جناح ایونیو کے سابق پریڈ گراﺅنڈ کے اطراف میٹرو بس منصوبے کا تعمیراتی کام جاری ہے۔ اپنی وسعت کے اعتبار سے نیا پریڈ گراﺅنڈ دراصل ایک معیاری اور کثیرالمقاصد نمائشگاہ بھی ہو گی جس سے تجارتی اور تعلیمی ادارے استفادہ کر سکیں گے۔ تعمیراتی ڈیزائن میں سکیورٹی تقاضوں کا بطور خاص خیال رکھا گیا ہے کیونکہ ملک میں سلامتی کی عمومی صورتحال کے علاوہ ہر پریڈ کے موقع پر ملک کی پوری سویلین اور عسکری قیادت کے علاوہ کم و بیش سب ہی غیر ملکی سفارتکار بھی مدعو کئے جاتے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 23 مارچ کی سالانہ پریڈ 80ءکی دہائی تک راولپنڈی میں ہوا کرتی تھی۔ 90ءکی دہائی میں پریڈ اسلام آباد منتقل کی گئی اور وفاقی دارلحکومت میں مستقل پریڈ گراﺅنڈ کی تعمیر کا تصور 1994 سے چلا آ رہا ہے لیکن شاہراہ دستور سے متصل جناح ایونیو پر برسہا برس تک پریڈ کے انعقاد اور بجٹ کے مجبوریوں نے پریڈ گراﺅنڈ کی تعمیر کو مو¿خر کئے رکھا۔ مسلح افواج کی سالانہ پریڈ کو پرویز مشرف دور میں ہی خطرات لاحق ہونا شروع ہو گئے تھے جس کی بدولت یہ پریڈ سپورٹس کمپلیکس میں بھی منعقد کی گئی لیکن وسیع و عریض سپورٹس کمپلیکس بھی پریڈ کے انعقاد کی پہلی والی شان و شوکت نہیں تھی۔ یہ ضرورت شدت سے محسوس کی گئی کہ پریڈ چاردیواری کے بغیر کسی کھلی جگہ پر ہی منعقد کی جا سکتی ہے تاہم اس پریڈ کے انعقاد کے بعد آئندہ برسوں میں 23 مارچ کی پریڈ نہیں کی گئی۔ اب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس پریڈ کے انعقاد کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق رواں ماہ کے وسط مین فوجی دستے پریڈ کی تیاریوں اور ریہرسل کیلئے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔
23 مارچ/ پریڈ

ای پیپر-دی نیشن