بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینگے، انقلابی تبدیلی گراس روٹ سے شروع ہو گی: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ عدل کے نظام اور عوامی جمہوریت کے قیام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی قتل و غارت گری ہمارے کارکنوں کے حوصلوں کو نہیں توڑ سکی، جعلی جمہوریت اور غاصب حکمرانوں کے خلاف جدوجہد منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکہ معظمہ میں ق لیگ کے مرکزی رہنما اجمل وزیر سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمران دہشت گردی کی جنگ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں، اکیسویں ترمیم کو منظور ہوئے ایک ماہ مکمل ہو گیا مگر ابھی تک فوجی عدالتوں کے رولز اینڈ ریگولیشنز نہیں بنے۔ پولیس آج بھی عوام کی محافظ کی بجائے حکمران خاندان کے باڈی گارڈ کا کردار ادا کر رہی ہے، جعلی پولیس مقابلوں اور ماورائے عدالت ہلاکتوں میں اضافہ ہو گیا۔ انہوں نے لاہور میں پولیس کی حراست میں تشدد سے 65 سالہ بزرگ کی موت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ تھانے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے اڈے بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کو تنظیمی سطح پر پورے ملک میں آرگنائز کیا جا رہا ہے، بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیںگے اور انقلابی تبدیلی کی ابتدا گراس روٹ سے کریں گے۔
طاہر القادری