سانحہ بلدیہ ٹائون کے ملزمان کیخلاف بھی مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے: فضل الرحمن خلیل
اسلام آباد/لاہور ( این این آئی) انصارالامہ پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ سانحہ بلدیہ ٹائون، سانحہ پشاور سے کم نہیں، دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ،قومی قیادت سانحہ بلدیہ ٹائون کے ملزمان کے خلاف بھی اسی طرح کارروائی کرے جس طرح سانحہ پشاور کے ملزمان کے خلاف کی جارہی ہے ،دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ اسی وقت کامیاب ہوگی جب ہم دہشت گردی میں پسند و ناپسند کا معیار ختم کریں گے ۔ سانحہ میںسیاسی جماعت کے ملوث ہونے کا انکشاف سیاسی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ ثابت ہوگیا کراچی میں بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ ، جلائو گھیرائو کی سیاست اور بوری بندلاشوں کا ذمہ دار کون ہے۔ سانحہ بلدیہ ٹائون کے ذمہ داران کے خلاف فوجی عدالتوںمیں مقدمہ چلاتے ہوئے نشان عبرت بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انصار الامہ پاکستان کے ذمہ داران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ جے آئی ٹی رپورٹ میںایک سیاسی پارٹی کا حقیقی چہرہ کھل کر سامنے آگیا ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں آرمی پبلک سکول پر حملے کے ملزمان بلدیہ ٹائون واقعہ میں ملوث درندوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا ارباب اختیار دو ہرا معیار ترک کرتے ہوئے دہشت گردی میں ملوث مذہبی جماعتوں کو کالعدم قرار دینے کی طرح دہشت گردی میں ملوث سیاسی جماعتوں کو بھی کالعدم قرار دیں۔