• news

ٹریفک حادثات میں 2 کمسن بچے مائوں سمیت جاں بحق، 13 افراد زخمی

پاہڑیانوالی/ پھالیہ/ سمبڑیال (نامہ نگاران) ٹریفک کے 2 حادثات کے دوران 2 کمسن بچے اپنی مائوں سمیت جاں بحق جبکہ 13 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق موضع رکن کا ساجد علی اپنی فیملی 3 ماہ کا بیٹا ارفع اور بیوی شائستہ ساجد کار پر گجرات سے گھر واپس آرہے تھے کہ موضع لک کے قریب کار کا ٹائر پھٹ گیا جس سے وہ الٹ کر سڑک کی دوسری جانب جا گری۔ اس دوران پھالیہ کی طرف سے آنے والی مسافر وین سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں ماں بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ ساجد علی شدید زخمی ہوگیا۔ مسافر وین میں سوار فرح اسلم، محمد اصغر، محمد قاسم، آمنہ نواز، فردوس بی بی، محمد اکرم اور عذرا بی بی سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے جن کو تحصیل ہسپتال پھالیہ داخل کردیا گیا جبکہ فرح اسلم اور ساجد علی کو نازک حالت کے پیش نظر گجرات عزیز بھٹی ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سمبڑیال کے محلہ شاہین آباد نزد سول ہسپتال کا رہائشی محمد جاوید اپنی موٹر سائیکل پر بیوی رخسانہ بی بی اور 12سالہ بیٹے عثمان کے ساتھ بیگووالہ جا رہا تھا وزیرآباد مین روڈ پر سبحان سی این جی کے قریب یو ٹرن پر اچانک ماں بیٹا موٹرسائیکل سے روڈ پر گر پڑے جو پیچھے سے آتی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آکر کچلے جانے سے موقع پر دم توڑ گئے جبکہ محمد جاوید حادثہ کے دوران شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا جبکہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس ٹریکٹر ٹرالی کو قبضہ میں لے کر مصروف تفتیش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن