مقبوضہ کشمیر: شہید افضل گورو کی برسی پر آج ہڑتال، مظاہرے ہونگے، یاسین ملک شبیر شاہ نظر بند
سری نگر (کے پی آئی+ آن لائن) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی مانے والے کشمیری نوجوان محمد افضل گورو کی برسی پر آج (پیر کو) مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی۔ بھارتی فوج نے یاسین ملک ،شبیر شاہ سمیت دیگر حریت رہنمائوں کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر کاروباری اور تعلیمی ادارے بند رہینگے۔ محمد افضل گورو کی باقیات کشمیریوں کو واپس کرنے کے حق میں جلسے جلوس اور مظاہرے ہوں گے جبکہ شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کی برسی پر 11 فروری کو بھی ہڑتال ہوگی ۔ ہڑتال کی کال حریت کانفرنس گ کے چیرمین علی گیلانی نے دی ہے ۔ شہید کشمیر محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی برسیوں کے سلسلے میں لبریشن فرنٹ ،ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور پیپلز فریڈم لیگ کے زیر اہتمام دعائیہ مجالس کا اہتمام ہوا۔ لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام ہفتہ شہادت کے حوالے سے قرآن خوانی کی مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ فرنٹ سربراہ محمد یاسین ملک نے بھی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔دعائیہ مجلس میں مقبول بٹ ، محمد افصل گورواور دیگر شہدا کشمیر کی ایصال ثواب اور بلند درجات کے لئے دعا کی گئی۔ شبیر شاہ نے کہا کہ مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو انہی جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑا اور ان دو عظیم شہیدوں کے لئے تمام قانونی و آئینی راہیں مسدود کرکے ا نہیں اپنے دفاع میں کچھ کہنے کا موقع فراہم کئے بغیر انہیں موت کی نیند سلایا گیا۔ شاہ نے بٹ اورگورو اور شہدا کشمیرکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اور ان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی رواں جدوجہد آزادی کے لئے ان کی قربانیاں فراموش نہیں کی جائیں گی اور ان کا نام رہتی دنیا تک زندہ رہے گا۔ تحریک حریت جنرل سیکرٹری محمد اشرف صحرائی نے تنظیم کے لیڈروں اور کارکنوں کی گرفتاری اور چھاپوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی یہ کارروائیاں بلاجواز ہیں۔ اس طرح کے جابرانہ اور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے آزادی پسندوں کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔