ملالہ یوسف زئی کی بوکو حرام کی قید سے مغوی طالبات کو رہا کروانے کی اپیل
لاگوس (این این آئی)نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بوکو حرام کے قبضے سے دو سو نائجیرین مغوی طالبات کو رہا کروانے کی اپیل کرتے ہوئے معاملے پر عالمی طاقتوں سے فوری طور اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ نائجیریا کے شہر لاگوس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے کہاکہ معاملے پر عالمی خاموشی اچھی علامت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچیاں سیاستدانوں یا طاقتور گھرانوں کی ہوتیں تو تمام ممالک ان کیلئے کھڑے ہوجاتے مگر ان لڑکیوں کا تعلق نائجیریا کے ایک پسماندہ علاقہ سے ہے، اس لیے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا ایک افسوس ناک عمل ہے۔ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ گزشتہ برس اپریل سے اب تک اس واقعے کو تین سو دن گزر چکے ہیں مزید دیر ناقابل قبول ہوگی۔ اس سے دہشتگردوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ ملالہ نے اپنے فنڈ سے نائجیریا کی غریب بچیوں کی تعلیم کے لیے رقم کا بھی اعلان کیا۔ انہوںنے کہاکہ وہ تعلیم کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔