عراق میں نامعلوم طیارے سے داعش کیلئے ہتھیاروں کی کھیپ گرائی گئی:ایرانی ریڈیو
بغداد (اے پی پی) عراق میں ایک نامعلوم طیارے نے داعش کے لئے ہتھیاروں کی کھیپ ایک بار پھر گرائی ہے۔ ایرانی ریڈیو کے مطابق صوبہ الانبار کے ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ ایک نامعلوم طیارے نے الرمادی کے قریب داعش کے لئے ہتھیاروں کی کھیپ گرائی ہے۔ داعش کے لئے ہتھیارو ں کی یہ کھیپ الرمادی کے مغرب میں الرطبہ کے علاقے میں گرائی گئی۔ متحدہ عرب امارات کے حکام کے مطابق وہ داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں پھر سے حصہ لینے کو تیار ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حوالہ سے متحدہ عرب امارات کے حکام نے گذشتہ روز واشنگٹن انتظامیہ کو اطلاع دی۔یاد رہے کہ دسمبر کے مہینے میں داعش کے جنگجوؤں کی جانب سے ایک اردنی پائلٹ کو اغواء کئے جانے کے بعد متحدہ عرب امارات نے دہشت گردوں کے مورچوں پر حملوں میں اپنی فضائیہ کی شرکت معطل کر دی تھی۔ اس وقت ابو ظہبی کی انتظامیہ نے یہ دلیل پیش کی تھی کہ متحدہ عرب امارات کے ہوا بازوں کی جانیں خطرے میں ہو سکتی ہیں۔