• news

قوم اور فوج کی حمایت سے امن دشمنوں کو شکست دیں گے: شہباز شریف، ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے موثر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیاگیا اور پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر مزید موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کے حوالے سے مربوط اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر جاوید خان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور ایپکس کمیٹی کے دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر مزید تیز رفتاری سے پیش رفت کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ شہباز شریف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈنیشن کے تحت فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداددہشت گردی کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری اور بروقت اقدامات کئے ہیںاور قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزائوں کو سخت کیا گیاہے۔ پاک افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے موثر اقدامات کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ پوری قوم نے دہشت گردی، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کچلنے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔ قوم کے اتحاد کی قوت سے دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کو عبرتناک شکست دیں گے اور پاکستان کو دہشت گردی اور انتہاپسندی سے پاک کرکے دم لیں گے۔ سفاک درندوں نے پشاور میں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جس پرپوری قوم غمزدہ ہے، دہشت گردی کے اس المناک واقعہ پر ہر آنکھ اشکبا ر اور ہر دل زخمی ہے۔ پاکستان کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کرنے کا وقت آن پہنچا ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے بیدار اور متحد ہو چکی ہے۔ اتفاق اور یگانگت کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کیلئے نیست و نابود کرکے امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ سفاک درندوں کیخلاف فیصلہ کن ایکشن کیا جارہا ہے اور پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے اور یہی لمحہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا ہے جس میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے اور انشاء اللہ ہم سب قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین تربیت یافتہ فوج ہے جو اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور انشاء اللہ افواج پاکستان پوری قوم کی تائید اور حمایت سے امن کے دشمنوں کو شکست فاش دیں گی اور ملک دشمنوںکے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گی۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے موجودہ غیر معمولی صورتحال کے پیش نظرغیر معمولی اقدامات کیے جارہے ہیںاوران غیر معمولی اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے اورہم سب نے ملکر پاکستان کا کھویا ہوا امن اسے ہرقیمت پر لوٹانے کا عزم کر لیا ہے اور فیصلہ کر لیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کیلئے پاک سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔قوم کے پختہ عزم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے۔ مزید برآں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے ثمرات صوبے کے عوام کو منتقل کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کے موثر اور بروقت اقدامات کے باعث ٹرانسپورٹ کرایوں کے ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہنے چاہئیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی لانے کے اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں سستی یا غفلت برداشت نہیں۔ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے، کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا خودموقع پر جا کر جائزہ لیں۔

ای پیپر-دی نیشن