بھارت کا پاکستان سے ملحقہ سرحد پر بلٹ پروف شیشے کی دیواریں بنانے کا فیصلہ
نئی دہلی (آن لائن)بھارت اٹاری کے مقام پر بلٹ پروف گیٹ لگائے گا۔بھارت نے یہ فیصلہ واہگہ بارڈر پر خود کش حملے کے تناظر میں کیا ہے۔بھارت بلٹ پروف شیشے کی دیواریں اٹاری کے ساتھ ساتھ حسین آباد، فیروز پور اور سڑقی کی بین الاقوامی سرحدی چوکیوں پر بھی نصب کرے گا۔ بھارتی اخبار’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ کے مطابق پاکستان میں واہگہ بارڈر پر خود کش حملے کے بعد بھارت کی بارڈر سیکورٹی فورس نے بین الاقوامی سرحد پر بلٹ پروف گیٹس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تقسیم ہند کے بعد پہلی بار بھارت کی بارڈر فورس نے سیاحوں کی حفاظت کے لئے اٹاری کے مقام پرزمینی سرحدی گیٹس کے سامنے رولنگ بلٹ پروف سکرینز نصب کی ہیں،یہ اسکرینزکسی بھی خودکش دھماکے کی صورت میں باردوری مواد سے سیاحوںکو محفوظ بنائیں گی۔ بی ایس ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل امرتسر سیکٹر ایم ایف فاروقی نے اخبار سے کہا کہ ہم ان (پاک رینجرز) سیکورٹی انتظامات پر انحصار نہیں کر سکتے ۔ دس سے پندرہ ہزار سیاح اٹاری کے مقام پر روزانہ تقریب دیکھنے آتے ہیں۔ اٹاری پر سرحد کے دونوں کناروں پر بلٹ پروف گلاس نصب کرنے کی تجویز دی ہے تا کہ اگر پاکستان میں کوئی دھماکا ہو تو دھماکا خیز مودا براہ راست ان کو متاثر نہ کرے۔ اخبار کے مطابق نومبر2014کو واہگہ بارڈ پرخود کش دھماکے میں 60 پاکستانی شہید ہو گئے تھے۔