• news

نیشنل پاور لفٹنگ چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی‘ ریلوے کی دوسری پوزیشن

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) نیشنل پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2015 پاکستان واپڈا نے 106 پوائنٹ کے ساتھ جیت لی۔ واپڈا کے کھلاڑیوں نے 8 میں 6 کلاسز میں گولڈ میڈل جیت لئے۔پاکستان ریلوے بھر پور مقابلے کے باوجو د صرف 2 گولڈ جیت سکی اور 62 پوائنٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر برقرار پنجاب 56 پوائنٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن کی حقدار ٹھہری۔ پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام دو روزہ قومی پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان بھر سے 75 سے زائد پاور لفٹرز نے حصہ لیا۔ پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن سے الحاق شدہ محکمہ جات واپڈا، ریلوے، کسٹم اور تمام صوبوں اسلام آباد، آزاد جموں کشمیر، فاٹا اور گلگت سے تمام نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ واپڈا کے عاصم شہزاد نے 59 کلو گرام کلاس میں ایک نیا قومی ریکارڈ بنایا۔ پنجاب کے انورسعید بٹ نے 66 کلو گرام کلاس میں ماسٹرز میں تین نئے قومی ریکارڈ بنائے، واپڈا کے عمران علی 66 کلو گرام میں، ریلوے کے ندیم مسیح 74 کلو گرام میں، ریلوے ہی کے عمران خان 83 کلو گرام کلاس میں، واپڈا کے علی رضا 93 کلو گرام کلاس میں، واپڈا کے توقیر ظفر نے 120 کلو گرام کلاس میں تین نئے قومی ریکارڈ بنا کر اور واپڈا کے نامور نوجوان پاور لفٹر محمد نوح دستگیر بٹ نے 120 کلو گرام سے زائد وزن کی کلاس میں تین قومی ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان میں سب سے زیادہ وزن اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ان مقابلوں میں پاکستان کے نامور پاور لفٹر اطہر کامران بٹ نے بھی حصہ لیا اور 105 کلو گرام کلاس میں ماسٹرز گروپ میں تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے۔ پنجاب کے نامور ویٹ لفٹرز اُستاد عبدالغفور نے ان مقابلوں کے سب سے عمر رسیدہ پاور لفٹر کا اعزاز حاصل کیا اور 59 کلوگرام کلاس میں حصہ لیتے ہوئے 74 سال کی عمر میں مجموعی طور پر 175 کلو گرام وزن اٹھا کر نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔ ان مقابلوں کے مہمان خصوصی حافظ سلمان بٹ اور واپڈا کے سیکرٹری جنرل محمد رزاق گل صاحب تھے جنہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

ای پیپر-دی نیشن