شوبز پر پابندی نہیں تاہم شوہر اور گھر پہلی ترجیح ہے : مدیحہ شاہ
لاہور (کلچرل رپورٹر) اداکارہ مدیحہ شاہ شادی کرانے کے بعد اپنے شوہر جاوید اقبال کے ہمراہ امریکہ سے پاکستان پہنچ چکی ہیں۔ امریکہ میں وہ دعوت ولیمہ کر چکی ہیں اوراب آج لاہور میں دعوت ولیمہ کا اہتمام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر جاوید اقبال اور میرے سسرال والے بہت اچھے ہیں۔ انہوں نے میری شوبز کی سرگرمیوں پر پابندی نہیں لگائی تاہم میری پہلی ترجیح میرے شوہر، میرے سسرال والے اور میرا گھر ہے۔ فی الحال شوبز کی سرگرمیاں ترک کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات پر مجھے بہت تشویش ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنا دے۔ انہوں نے کہا کہ میں اب کچھ عرصہ پاکستان میں ہی قیام کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا کے بیشتر ممالک دیکھے ہیں مگر اپنے وطن پاکستان جیسا ملک دنیا میں نہیں ہے۔