کراچی کے حالات بہت زیادہ خراب ہونے جا رہے ہیں: شیخ رشید کی خورشید شاہ سے ملاقات
اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات بہت زیادہ خراب ہونے جارہے ہیں اور مستقبل میں بہت بڑا آپریشن ہوسکتا ہے۔ پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں سیٹوں کی خرید و فروخت کی جاتی ہے اور اس کا پارٹیوں کے صدر فیصلہ کرتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے جو حالیہ مارکیٹوں کا دورہ کیا ہے اس حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ملک میں اس وقت نہ گیس ہے نہ بجلی اور نہ پانی، لوگوں کو اس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کرکٹ بورڈ پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا اثر ہے اور پی سی بی کو چاہیے کہ وہ سعید اجمل کو ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا بھیجے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو کم از کم بھارت سے میچ جیتنا چاہیے کیونکہ یہ پاکستان کیلئے فائنل میچ ہوگا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی کی صورتحال، سینٹ الیکشن سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے چیمبر میں ہوئی۔
شیخ رشید/ خورشید
شیخ رشید احمد