بی جے پی ، کانگریس کو شکست ، عام آدمی پارٹی نے نئی دہلی کے الیکشن میں میدان مار لیا
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی دارالحکومت دہلی کے ریاستی انتخابات میں اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی اور سابقہ حکمران جماعت کانگریس کا جھاڑو سے صفایا کرتے ہوئے دوتہائی اکثریت حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق عام آدمی پارٹی ’’آپ‘‘ کو 67جبکہ بی جے پی کو صرف 3نشستیں ملی ہیں جبکہ انڈین نیشنل کانگریس ایک بھی سیٹ حاصل نہ کر سکی۔ واضح رہے کہ ریاستی اسمبلی کی کل 70سیٹیں ہیں اور حکومت بنانے کیلئے 36سیٹوں کی ضرورت پڑتی ہے تاہم 67سیٹیں جیتنے کے بعد عام آدمی پارٹی دوتہائی اکثریت رکھنے والی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے جو مرضی سے قانون سازی کر سکے گی۔ ڈیڑھ برس قبل ہوئے ریاستی الیکشن میں عام آدمی پارٹی کو 28، بی جے پی کو 31 اور کانگریس کو 8 سیٹیں ملی تھیں عام آدمی پارٹی نے کانگریس سے ملکر حکومت بنائی تاہم اروند کیجریوال جنہوں نے اس وقت وزارت اعلیٰ کا قلمدان سنبھالا تھا بار بار یہ کلیئر کرتے رہے کہ انہیں بدعنوانی کیخلاف قانون سازی کیلئے اسمبلی میں مطلوبہ اکثریت نہیں ملی اس وقت مرکز میں کانگریس کی من موہن سنگھ حکومت برسراقتدار تھی تاہم 49روز بعد بے صبرے اروند کیجریوال نے وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیدیا جس کے بعد بی جے پی کوشش کے باوجود دہلی میں حکومت نہیں بنا سکی اور گورنر راج لگانا پڑا۔ موجودہ ریاستی الیکشن کیلئے عام آدمی پارٹی شازیہ علمی جیسے کئی اہم رہنمائوں کے پارٹی چھوڑ دینے کے باوجود خم ٹھونک کر میدان میں اتری۔ ارند کیجریوال نے جلد بازی میں استعفے دینے پر ووٹروں سے معافی مانگی، کرپشن کیخلاف اقدامات، اشیائے ضرورت کی مہنگائی پر قابو پانے اور دہلی کے باسیوں کو مفت وائی فائی انٹرنیٹ کی سہولت دینے کا وعدہ کیا انکے مقابلے میں بی جے پی نے وزارت اعلیٰ کیلئے سابق آئی جی پنجاب کرن بیدی کو میدان میں اتارا۔ وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی کے صدر امت شاہ نے انکی انتخابی مہم زور و شور سے خود آکر چلائی اور جلسے کئے تاہم انتخابی نتائج سے ظاہر ہے کہ دہلی کے پڑھے لکھے ووٹروں نے فسطائی ہندو قوتوں کو مسترد کرتے ہوئے اروند کیجریوال کو ایک بار پھر مگر بھرپور چانس دیدیا ہے اروند کیجریوال 14فروری کو وزیراعلیٰ دہلی کا حلف اٹھائینگے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی شکست خوردہ امیدوار کرن بیدی کے علاوہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بے مثال کامیابی پر اروند کیجریوال کو مبارکباد دی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہاکہ اروند کیجریوال کو بحیثیت وزیراعلیٰ دہلی کے ترقیاتی منصوبوں اور تعمیر و ترقی میں مرکزی حکومت کی بھرپور مدد حاصل ہو گی۔ ادھر کانگریس کے سیکرٹری جنرل اجے میکن نے ریاستی الیکشن میں پارٹی کا صفایا پھر جانے پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ علاوہ ازیں دہلی اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے گزشتہ روز اروند کیجریوال کو اپنا قائد ایوان منتخب کر لیا جبکہ عام آدمی پارٹی کے کارکنوں اور ووٹروں نے جلوس اور ریلیاں نکال کر دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں جشن منایا اور آتش بازی کی۔