آرٹیکل63, 62 کے اطلاق کا میکنزم نہیں، کیوں نہ سینٹ لیکشن روک دئیے جائیں: لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت نیوز) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے آئین کے آرٹیکل 62اور63 پر عمل درآمد ہونے تک سینٹ کے انتخابات رکوانے کے لیے دائر درخواست پر وفاقی سیکرٹری الیکشن کمیشن کو آج بروز بدھ کو طلب کرتے ہوئے قرار دیا ہے الیکشن کمشن نے کسی بھی امیدوار کی اہلیت اور سکروٹنی کے حوالے سے کوئی طریقہ کار وضع نہیں کیا۔ ریٹرننگ افسر کو الہام ہو گا کون سا امیدوار ٹیکس چور ہے اور کون نادہندہ ہے۔ سینٹ انتخابات سر پر ہیں اور الیکشن کمیشن سو رہا ہے۔ ہر بار انتخابات کرانے کا شور تو مچایا جاتا ہے مگر کیا اس طرح کے الیکشن قوم سے فراڈ نہیں؟ سینٹ انتخابات سے لگتا ہے بظاہر آئین پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ جس کا مطلب الیکشن نہ کرانا ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل محمداظہر صدیق نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا سینٹ انتخابات کے لیے دستور کے آرٹیکل 62 اور63 پر عمل درآمد نہیں ہور ہا جس کی وجہ سے اہلیت پر پورا نہ اترنے والے افراد بھی سینٹ میں پہنچ جائیں گے جبکہ انتخابات میں امیدواروں سے پرانے فارمز لیے جا رہے ہیں جن پر ٹیکس کا خانہ ہی موجود نہیں لہذا ٹیکس چور باآسانی کامیاب ہو جائیں گے۔2013 کے عام انتخابات بھی دستور کے آرٹیکل62اور63کے مطابق سکروٹنی کے بغیر ہی گذر گئے۔ فاضل عدالت کے رو برو صوبائی الیکشن کمیشن کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا جب کسی امیدوار کی طرف سے اعتراض کیا گیا تو وہ معاملے کا جائزہ لیں گے۔ اس پر فاضل عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کوئی اعتراض نہیں کرتا تو الیکشن کمیشن دستور اور قانون کے مطابق کام نہیں کرے گا۔ فاضل عدالت نے مزید قرار دیا آئین رکھنے کیلئے نہیں بلکہ عمل درآمد کیلئے ہوتا ہے۔ کیا الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے مطابق نادہندگان اور ٹیکس چوروں کی کوئی فہرست جاری کی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے امیدواروں کی سکروٹنی کی جائے۔ نوائے وقت نیوزکے مطابق سیکرٹری الیکشن کمشن پنجاب نے کہا سینٹ امیدواروں کے لئے اہلیت اور نا اہلی کا کوئی میکانزم نہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا سینٹ امیدواروں کے لئے کوئی میکانزم نہیں تو معاملات کیسے چلائے جاتے ہیں۔ امیدواروں پر آرٹیکل 62اور 63 کے اطلاق کا میکانزم نہیں تو معاملات کیسے چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نادہندہ امیدواروں کو چیک کرنے کا بھی کوئی نظام نہیں ایسی صورت میں سینٹ الیکشن کیسے ہو سکتے ہیں۔ کیوں نہ یہ الیکشن روک دیئے جائیں۔