• news

فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کلب کرکٹ کھیلنا شروع کر دی

لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے لیے چھ ماہ کی رعایت ملنے کے بعد پابندی کے شکار فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کلب کرکٹ شروع کر دی ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں نے اس سلسلہ میں لاہور کے کرکٹ کلب شاہ فیصل کلب کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ گذشتہ روز کلب کے کھیلے جانے والے میچ میں محمد عامر نے باولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی اپنے جوہر دکھانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ میں زیرو سے دوبارہ کھیل کا آغاز کر رہا ہوں ، امید ہے جلد فارم حاصل کر لوں گا۔ کلب کرکٹ میں کنڈیشنز بین الاقوامی کرکٹ سے مختلف ہوتی ہے اور اس میں ہاڑد اور سافٹ گراؤنڈز میں کھیل کر آپ کی فٹنس میں ا ضافہ ہوتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ردھم میں واپس آنے کے لئے باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کیا اس حوالے سے مکمل فٹنس حاصل کرنے تک اپنی پریکٹس جاری ر کھوںگا۔ میرا کام کارکردگی دکھانا ہے اور قومی ٹیم کے لئے انتخاب بورڈ کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلب کرکٹ زیادہ مشکل ہوتی ہے مگر اس کے ذریعے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے محمد عامر نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی روایتی حریف بھارت کے خلاف فتح کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم بھی موجودہ حالات میں دباؤ کا شکار ہے لیکن دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں پریشر برداشت کرنے والی ٹیم جیت جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن