ورلڈ کپ 2015 ء کی افتتاحی تقریبات کل موسیقی، ثقافتی پروگرام بھی ہونگے
لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 14 فروری سے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ایک ساتھ شروع ہوگا۔ پاکستان اور بھارتی ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا بڑا میچ 15 فروری کو کھیلا جائیگا۔ بھارت کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ بھارت نے 2011ء میں منعقدہ میگا ایونٹ کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ آئی سی سی ورلڈ کپ شروع ہونے سے دو روز قبل کرائسٹ چرچ اور میلبورن میں سجنے والی افتتاحی رنگا رنگ تقریبات میں سابق سٹارز بھی شرکت کریں گے۔ یہ تقریبات (کل) جمعرات کو منعقد ہوں گی۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا مشترکہ طور پر عالمی کپ کے میزبان ہیں اسلئے دونوں ممالک نے علیحدہ طور پر افتتاحی تقریبات کا اہتمام کر رکھا ہے، ان تقریبات میں عوام الناس کا داخلہ مفت ہو گا۔ نیوزی لینڈ میں منعقد ہونے والی تقریب میں مشہور کیوی آرٹسٹس سولو تھری میو، گنی بلیک موراور ہاولے ویسٹنرا اپنے فن سے شائقین کو لطف اندوز کریں گے، اس کے علاوہ رچرڈ ہیڈلی، سٹیفن فلیمنگ اور برینڈن میک کولم بھی شرکت کریں گے۔ میلبورن میں بھی شیڈول تقریب میں آسٹریلوی ٹیم کے موجودہ اور سابق کرکٹرز شرکت کریں گے اور اس موقع پر موسیقی اور ثقافتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو آئی سی سی 48 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دیگا۔ رنر اپ کو 25 لاکھ سیمی فائنلز میں ہارنے والی ٹیموں کو سات لاکھ 66 ہزار اور کوارٹر فائنلسٹ کو تین لاکھ 83 ہزار ڈالر ملیں گے ۔ ورلڈ کپ کا آغاز14 فروری کو گروپ اے کی ٹیم سری لنکا اور نیوزی لینڈ اور انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا۔ پاکستان اور بھارت اپنے سفر کا آغاز 15 فروری کو ایک دوسرے کے خلاف ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں میچ سے کریں گے۔