انڈسٹری سے الگ نہیں، غیرمعیاری فلموں میں کام چھوڑا ہے : ثناء
لاہور (کلچرل رپورٹر) معروف اداکارہ ثناء نے کہا ہے کہ اب اچھی فلمیں بننا شروع ہو گئی ہیں۔ امید ہے کہ فلم انڈسٹری کے حالات جلد بہتر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں فلم انڈسٹری سے الگ نہیں ہوئی البتہ غیرمعیاری فلموں میں کام چھوڑا ہے۔ ماڈلنگ اور ٹی وی ڈراموں میں کام کر رہی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز فلم سے ہی کیا تھا۔ ہدایت کار سیدنور کی فلم ’’سنگم‘‘ میری پہلی فلم تھی۔ دیگر میری مقبول فلموں میں کھلاڑی تو اناڑی، راجہ صاحب، تو چیز بڑی ہے مست مست، دشمن دا کھڑاک، دل کسی کا دوست نہیں، جیت، کالا ناگ، تو چور میں سپاہی، چوڑیاں، دیساں دا راجہ، انسانیت کے قاتل، جنت کی تلاش، مجھے جینے دو، بابل دا ویہڑہ، گھر کب آؤ گے، پینگاں، سلطانہ ڈاکو، نو پیسہ نو پرابلم، آگ کا دریا، اللہ بادشاہ، مسلمان، حکومت، میرے محبوب، بدمعاش، اک جگا ہور، میرا ماہی، جگا ٹیکس، بدمعاش کے قانون شامل ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سٹیج ڈراموں میں کام کی آفرز تو بہت ہو رہی ہیں مگر میں سٹیج ڈراموں میں کام نہیں کروں گی۔